*پھلوں کا بادشاہ 🥭 (آم)*
*’’آم بھی ربِّ کریم کی کیا خوب نعمت ہے‘‘ کے پچیس حروف کی نسبت سے آم کے 25 مدنی پھول*
گرمی کے موسم میں آنے والا آم اللہ تَعَالٰی کی بہت ہی پیاری نعمت ہے،  اس کے بے شمار فوائد ہیں :  
٭ … آم نیا خون بناتا ہے ، آم آنتوں کو قُوّت دیتا،  مِعدے ،  گُردے،  مثانے اور اَعْصاب کو طاقت بخشتا ہے 
٭ …  آم کھانے سے تیزابیت  (Acidity ) کے مرض میں فائدہ ہوتا ہے البتّہ کاربائڈ (Carbide)  نامی کیمیکل کے ذریعے پکایا ہوا آم کھانے سے تیزابیت کم ہونے کے بجائے بڑھ سکتی ہے 
٭ …  جس کو نیند نہ آتی ہو وہ ایک آم کھا کر ٹھنڈا دودھ پی لے اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ نیند آ جائے گی  
٭ …آم کا استعمال کینسر والوں اور دل کے مریضوں کیلئے فائدہ مند ہے 
٭ …آم کھانے سے موٹا پا آتا ہے  
٭ …  آم قبض دور کرتا ہے
٭ …آم کھانے کے بعد دودھ یا دودھ کی لسی (یعنی دودھ ملا پانی) یا تھوڑے سے جامَن کھا لینے سے اس کی گرمی دور ہو جاتی ہے۔ اگر دودھ سے گیس ہوتا ہو تو تھوڑی سی ادرک ملا لینی چاہئے 
٭ …میٹھے اور تازہ آم کا تھوڑا سا گُودا حاملہ کو روزانہ کھلایا جائے تو اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ بچہ تندرست پیدا ہوگا 
٭ …دودھ پلانے والی عورت آم کھائے کہ اِس سے دودھ بڑھتا ہے 
٭ …  آم پیاس بجھاتا ہے 
٭ …  کاٹ کر کھانے کے بجائے آم چوس کر کھانا بہتر ہے 
٭ …  آم کھا کر کچی لسی  (یعنی دودھ ملا پانی)  پینا آنکھوں کی روشنی اور بدن کی کمزوری دور کرنے کیلئے مفید ہے
٭ …آم ہمیشہ ٹھنڈا کر کے استِعمال کرنا چاہئے
٭ …بغیر ٹھنڈا کئے آم کھانا بدن پر پھوڑے پھنسیاں اور آنکھوں کی بیماریاں پیدا کرسکتا ہے 
٭ …آم کم مقدار میں کھایئے
٭ …  آم زیادہ کھانے سے جگر (Liver) کی کمزوری اور مرض اِستِسقا (اِس۔  تِسْ۔  قا)  کا اندیشہ ہے جس میں پیٹ بڑھ جاتا ہے اور پیاس بہت لگتی ہے  
٭ …آم کی سوکھی گٹھلی کے باریک پسے ہوئے 3 گرام مغز کو پانی کے ساتھ کھانے سے دَستوں  (موشن۔  Motions)  کے مرض میں فائدہ ہوتا ہے 
٭ …  عورَتوں کو مخصوص ایام میں خون زیادہ آتا ہو،  تو آم کی سوکھی گٹھلی کے مغز کا پاؤڈر صبح و شام ایک ایک چمچ کھانے سے اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ  فائدہ ہو جائے گا۔ خونی بواسیر کے لئے بھی یہ علاج مفید ہے 
٭ …قلمی آم ثَقِیل ( یعنی مِعدے کیلئے بھاری) اور دیر سے ہضم ہوتا ہے۔ (قلمی آم کی کافی قسمیں ہیں : سَرولی، لنگڑا،  چونسا اور سندھڑی وغیرہ بھی ان میں شامل ہیں )  
٭ …بلغمی یا صفراوی مزاج والوں کو نَہار منہ (یعنی خالی پیٹ) آم نہیں کھانا چاہئے کہ اس سے مِعدے کو نقصان پہنچتا اور اس میں گرمی پیدا ہوتی ہے 
٭ …  کھٹّا آم کھانے سے گلے اور دانتوں کونقصان ہوتا ہے، اس سے زُکام اور خون میں خرابی بھی پیدا ہوسکتی ہے 
٭ …  آم پیشاب لاتا ہے 
٭ …  آم اور دیگر پھلوں کو پکانے کیلئے کاربائڈ (Carbide)  نامی کیمیکل استعمال کیا جاتا ہے ،  لہٰذا کچھ دیر پانی میں بھگونے کے بعد اچھی طرح دھوکر استعمال کیجئے۔ ‘’ کاربائڈ‘‘ کی معمولی سی مقدار بھی پیٹ میں جانے سے مِعدے اور آنتوں کی بیماریوں کے علاوہ کینسر کا بھی خطرہ پیدا ہوتا ہے 
٭ …  آم اچھی طرح دھو لیجئے تاکہ اس کی گوند صاف ہو جائے ورنہ وہ گلے میں خراش کا سبب بن سکتی ہے۔  
٭ …ہائی شوگر کے مریض ڈاکڑ کے مشورے کے بغیر آم نہ کھائیں ۔ 
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                                    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں